اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):بینک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد 14 اپریل 2025ء کو پاکستان مالی خواندگی ہفتہ برائے 2025ء کا افتتاح کریں گے۔اس سلسلہ میں تقریب کراچی میں منعقد گی، اس ضمن میں ایک ہفتہ تک ملک گیرسرگرمیاں 14 اپریل تا 18 اپریل 2025ء تک جاری رہیں گی۔اس سال کا موضوع ’’ اشتراک اور جدت طرازی کے ذریعے مالی شمولیت‘‘ ہے۔
اس تقریب میں ڈپٹی گورنر، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، عالمی بینک، الائنس فار فنانشیل انکلوژن، ایشیائی ترقیاتی بینک سے وابستہ اہم بین الاقوامی شخصیات، کمرشل بینکوں کے صدور اور قومی مالی خواندگی پروگرام کے سرفہرست فوکل پرسنز، حکومتی محکموں، فن ٹیک، پاکستان سٹاک ایکس چینج، ایس ای سی پی، پی بی اے سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانان اور مالی شعبے کے ساتھ ساتھ تعلیمی ماہرین اور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔ مالی شمولیت اور جدت طرازی کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو ان کی کوششوں کے اعتراف میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔
دیگر کئی ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی مالی شمولیت کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور اس فرق کو ختم کرنے میں مالی خواندگی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پاکستان میں مالی خواندگی کی شرح 26 فیصد جبکہ اس کی عالمی اوسط 33 فیصد ہے۔مالی خواندگی کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے سٹیٹ بینک معاشرے کے تمام طبقات کی مالی خواندگی کو بڑھانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ پاکستان مالی خواندگی کا ہفتہ آگاہی، مشغولیت اور ایسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ایک نمائندہ اقدام ہے۔
اس سال ہمارا موضوع ’’ اشتراک اور جدت طرازی کے ذریعے مالی شمولیت‘‘، مالی رسائی اور شمولیت کو توسیع دینے کے لیے مشترکہ کوششوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔یہ ایک ہفتے پر مبنی انتہائی متاثر کن ایونٹ ہوگا جس میں پالیسی ساز، مالی ادارے ، اساتذہ اور عام افراد بھی شرکت کریں گے اور مالی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
اس ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک دیگر مالی اداروں کے ساتھ مل کر خواتین، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے 260 سے زائد مالی خواندگی کیمپ، 350 سکول اینڈ یونیورسٹی آئوٹ ریچ پروگرامزاور 400 سے زائد ورکشاپس اور سیمینارز؍ آگاہی سیشنز منعقد کرے گا۔ یہ سرگرمیاں پورے پاکستان میں منعقد ہوں گی جن میں 101 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا ۔
اس سلسلے میں ایک اور خصوصی اقدام "فنانشل لٹریسی واک” ہے جو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں منعقد کی جائے گی، اس کا مقصد ہر شہری تک مالی خواندگی کی اہمیت کا پیغام پہنچانا ہے۔ ہم اس ہفتے کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے 100 سے زیادہ شراکت دار اداروں، 60 یونیورسٹیوں اور کالجوں اور تقریبا ًتمام تجارتی بینکوں کو شامل کر رہے ہیں۔
مزید برآں سٹیٹ بینک نے اس مقصد کے لیے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ساتھ بھی اشتراک کیا ہے اور یہ دونوں ادارے بھی ملک گیر بنیادوں پر اس موضوع کے تحت مالی خواندگی کے 100 سے زائد پروگرامز منعقد کر رہے ہیں ۔یہ سرگرمیاں معاشرے کے ہر فرد کو ضروری معلومات اور آلات سے آراستہ کرکے انہیں بااختیار بنائیں گی تاکہ وہ بہتر مالی فیصلے لے سکیں، معاشی ترقی میں حصہ ڈال سکیں اور ملک میں مالی خواندگی کی مطلوبہ سطح کا حصول ممکن ہوسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579476