پشاور۔ 17 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کیا، جس میں سفارتی، تجارتی، سیاسی اور صحافتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ افطار ڈنر میں پشاور میں تعینات امریکی قونصلر جنرل شانٹی مور، ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ اور افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر،عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچہ، سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر، سابق وزیراعلیٰ محمود خان، پی ہی پی رہنما نجم الدین خان، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان، نائب صدر عبدالجلیل جان، مہمند چیمبر کے صدر امیر محمد خان، پیپلز ٹریڈرز ایسوسی ایشن سے شاہد خان، جہانزیب خان، میاں زبیر، افغان کمشنر شکیل صافی، سی پی این ای کے صوبائی صدر طاہر فاروق، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں، تاجر برادری کے نمائندوں اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنر نے افطار ڈنر کیلئے آنے والوں مہمانوں کا خود خیرمقدم کیا اور افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے شرکا سے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، سیاسی، تجارتی اور سفارتی شخصیات نے خیبرپختونخوا میں امن وامان کی موجودہ صورتحال، ترقی، سرمایہ کاری اور استحکام کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنا خوش آئند ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر امن و استحکام کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
انہوں نے افغان مہاجرین سے متعلق بھی گفتگو کی، افغان مہاجرین سے متعلق فیصلہ ایک قانونی معاملہ ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کے تانے بانے سارے افغانستان سے مل رہے ہیں، افغان حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بننے والی کمیٹی پر کسی حد تک اطمینان ہے، مگر مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پنجاب کی صورتحال کو خیبرپختونخوا سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر صوبے کے اپنے زمینی حقائق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں فوجی آپریشن کیلئے کوئی راہ ہموار نہیں ہو رہی ہے، صوبہ میں امن کیلئے سب کو متحد ہونا چاہئے، گورنر نے زور دیا کہ حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی قیادت کے ساتھ افطار ڈنر میں جو یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں، ان پر مکمل عملدرآمد ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملاقات میں صوبہ میں امن و امان پر بات چیت ہوئی تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573657