گورنر پنجاب سحری کیلئے اندرون شہر لسی پینے پہنچ گئے، لاہور شہر کے لوگوں نے بہت محبت دی ہے، سردار سلیم حیدر

114

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب سلیم حیدر خان عوامی انداز میں سحری کے لئے اندرون شہر لاہور لسی پینے پہنچ گئے ۔ انہوں نے لسی کی دکان پر عام لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر لسی پی ، لوگوں نے گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ دیہات کے رہنے والے ہیں ،لاہور ایک تاریخی شہر اور وہ یہاں لسی پینے کے ساتھ ساتھ لاہور کے لوگوں سے ملنا بھی چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق پنجاب کے دوسرے کونے سے اور لاہور شہر کے لوگوں نے انہیں یہاں بہت محبت دی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ آئندہ بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں سحری اور افطاری کے وقت آتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب لوگ ہیں کہ جنہیں ایک بار پھر ماہ رمضان المبارک کے فیوض و برکات حاصل کرنے کا موقع ملا ہے ، رمضان المبارک ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی کرنے اوردکھ درد بانٹنے کا سبق دیتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کے مہینے میں غریب ، مسکین اور نادار لوگوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہئے۔