سیالکوٹ۔15اپریل (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں دو روزہ بک فئیر اینڈ لیٹریری فیسٹیول کا شاندار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری فیصل اکرام، ایم پی اے و ممبر سینڈیکیٹ شکیلہ آرتھر، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر اور دیگر معززین نے فیتہ کاٹ کر میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔بک فئیر میں 20 سے زائد معروف پبلشرز نے اسٹالز لگائے، جن میں طالبات کے لیے نصاب کی کتابوں پر 30سے 60 فیصد تک رعایت فراہم کی گئی۔ ادبی فیسٹیول میں یونیورسٹی کے اساتذہ، سابق طالبات (ایلومینائی)، اور موجودہ طالبات کی کتب کی باوقار رونمائی بھی کی گئی۔تقریب کے آغاز میں طالبا ت نے اسماء الحسنی پڑھے ۔ ادبی بیٹھک میں ممتاز مصنفہ اور ادیبہ پروفیسر ڈاکٹر امبرین صلاح الدین نے’’خواتین کی اردو شاعری اور ادب‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام نے کتاب دوستی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح دیمک لکڑی کو چاٹتی ہے، اسی طرح موبائل ہمارے اذہان کو متاثر کر رہا ہے، اس سے بچاؤ کا واحد حل کتابوں سے محبت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے فیسٹیول کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر طارق، لائبریری انچارج نصرت علی اور تمام کمیٹی ممبران کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میلے کا مقصد طالبات میں مطالعہ اور علم دوستی کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ کی خواتین اور فیملیز کو بھی مدعو کیا کہ وہ بچوں کے ہمراہ بک فئیر کا دورہ کریں۔اس موقع پر مختلف فوڈ اسٹالز بھی طالبات کی جانب سے لگائے گئے، جنہوں نے تقریب کو مزید رنگا رنگ بنا دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس، رجسٹرار اعجاز احمد، کنٹرولر امتحانات ملک گلشان اسلم، ٹریژر پروفیسر ڈاکٹر عدنان عادل سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، طالبات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582281