سیالکوٹ۔ 29 جنوری (اے پی پی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعدتمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں ، محنت اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے سے ہی قومیںترقی کی منازل طے کرتیں ہیں۔ ،پنجاب کی یونیورسٹیز کے کانووکیشن میں80 فیصد پوزیشنز ہماری بیٹیاں لے رہی ہیں اور اگر یہی پوزیشن رہی تو آئندہ 10سالوں میں لڑکوں کیلئے مختلف شعبوں میں کوٹے مختص کرنے پڑیں گے اور اس اعتبار سے پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہوگا ۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے دوسرے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بدقسمتی سے وطن عزیر میں 2 کروڑ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کو سکولوں میں لانے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا انحصارمعیار تعلیم پر ہے اس سلسلہ میں سب سے اہم ذمہ داریاں اساتذہ کے کندھوں پر آتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں کوئی بھی کام ناممکن نہیںاس کیلئے محنت اور لگن سے کام کر نے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جی سی وویمن یونیورسٹی سے ڈگریز حاصل کرنے والی 1233طالبات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب ان کے والدین کے بعد یونیورسٹی کے اساتذہ کی محنت کاثمر ہے پرجس پر طالبات کے والدین ،یونیورسٹی کی وائس چانسلرز اور اساتذہ مبارک باد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے530 ریسرچ پراجیکٹس اور پبلی کیشنز متاثر کن ہیں کیونکہ تحقیقی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے سے معیار تعلیم میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف طالبات کی تعلیمی ترقی کے لیے کام کر رہا ہے بلکہ ان کے کردار اور اخلاق میں نکھار پیدا کرنے کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔انہوں نے فارغ التحصیل طالبات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اب آپ دنیا میں موجود مسائل سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں آپ نے جو صلاحیتیں اس درسگاہ سے حاصل کی ہیں ان کو موثر طریقے سے قومی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کریں۔ آج کے دور میں جدت اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔کیونکہ آپ اپنی صلاحیتوں سے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنی شناخت بنا کر باوقار طریقے سے زندگی گزار سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ مسلسل آگے بڑھتی رہیں گی اور جیسے جیسے ترقی کریں گے اپنی بنیادوں سے تعلق کو مضبوط کریں گے اور ان کی بہتری کے لیے کام کریں گی جو کہ آپ کے اردگرد کا معاشرہ،آپ کا ادارہ اور آپ کی قوم ہیںاورذمہ داری کا یہ احساس اور دوسرے لوگوں کی مدد کرنے کا جذبہ ہی ایسی چیزیں ہیں جو اس دنیا کو جنت نمونہ بنا سکتی ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ گندہ پانی پینے کی وجہ سے 50 فیصد بیماریاں اور اموت کی وجہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز کو چار چیلنجیز دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی 10بلین ٹری پلانٹیشن کو حقیقت کا روپ دینا ہے اور یونیورسٹیز میںزیادہ سے زیادہ پلانٹیشن کرنی ہے ، اسٹوڈنٹس اور سٹاف کیلئے پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ہے ، ماحول دوست سستی بجلی پرسولر انرجی پیدا کرنی ہے اور پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنا اور سیوریج واٹر ز کو ری سائیکل کرکے زراعت وغیرہ کیلئے استعمال میں لانا ہے۔اس کیلئے یونیورسٹیز کے وائس چانسلر منصوبے بنا کر میرے پاس لائیں۔انہوں نے کہاکہ یورپ میں پاکستان کیلئے جی ایس ٹی پلس لیکر آنا میرے لئے اعزاز ہے جس کی بدولت پاکستان کو 15بلین ڈالرکا منافع حاصل ہوا۔ انہوں نے کہاکہ کل یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کے حق میں قرار داد منظور ہوگی اور بھارتی شہریت بل کو مسترد کردیا جائے گا اس قرار داد پر 154ممبر ز نے دستخط کردیئے ہیں اور یہ پاکستان کی بہت بڑا سفارتی کامیابی ہوگی۔وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ دوسرے کانووکیشن میں نیچرل سائنسز،ایڈمینسٹریٹو اینڈ مینجمنٹ سائنسز، آرٹس اور سوشل سائنسز کی کل 1233 طالبات کو اسناد ،107 طالبات کورول آف آنر جبکہ 25 طالبات کو گولڈ میڈلز ،25 کو سلور میڈلز جبکہ ایم اے اسلامیات کی طالبہ عائشہ جمیل کومجموعی طور پربہترین کارکردگی پر علامہ اقبال گولڈ میڈل سے نوازا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جی سی وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں کل 18 مختلف شعبہ جات ہیںجن میں کل 47مختلف پروگرامز چل رہے ہیں۔18 شعبہ جات میں بی ایس پروگرام اور10 شعبوں میں ایم ایس /ایم فل پروگرام کی تعلیم دی جارہی ہے جب کہ 09 شعبہ جات میں پی ایچ ڈی کا آغازہوچکا ہے۔جیسے ہی یونیورسٹی میں انفراسٹریکچر کی صورت حال مزید بہتر ہوتے ہی ایسے تعلیمی پروگرامزشروع کئے جائیں گے جن کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت زیادہ اہمیت اور مانگ ہو۔انہوں نے کہاکہ 2019ءمیں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں 3030 سیٹوںپر داخلے کے خواہشمندطالبات کی کل 12ہزار 818 درخواستیں وصول ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں رواں سال باقاعدہ آن لائن داخلہ کا آغاز بھی کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی طالبات کی تعداد 7610 ہو چکی ہے اس کے علاوہ انٹر میڈیٹ میں 1371 طالبات بھی تعلیم حاصل کر رہی ہیںجو اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک نرسری کا درجہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری طالبات تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹنے کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی نمایاں کرکردگی دکھا رہی ہیں۔72 ویں پنجاب اولمپک نیشنل گیمز میں جامعہ ہذا سے 09 طالبات کی سلیکشن ہوئی ،ایچ ای سی نیشنل گیمز میں دو طالبات ہینڈ بال اور کراٹے کے لیے سلیکٹ ہوئیں ،پنجاب نیشنل میں بھی جامعہ کی طرف سے 04 طالبات سلیکٹ ہویئں ،10 طالبات آل پاکستان انٹر سپوٹس بورڈ میں منتخب ہو چکی ہیں ،ہماری ایک طالبہ ماہ نو رطارق نے ایس سی سی آئی میں کیش پرائز اور گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 2014ءمیں جامعہ میں اساتذہ کی کل تعداد 59 اساتذہ اکرام تھے جن میں ایک پی ایچ ڈی اور تین ایم فل اساتذہ اکرام تھے۔ جی سی ویمن یونیورسٹی میں اس وقت177 مستقل اساتذہ اکرام موجود ہیں جن میں سے 60 پی ایچ ڈی ، 82 ایم فل اور 35 ایم اے/ایم ایس سی اساتذہ اکرام اس ادارے کے لیے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔جی سی ویمن یو نیورسٹی، سیالکوٹ کے ڈاکٹر محمدالیاس ،ڈاکٹر محمد افضال بٹ ،ڈاکٹر حمیرا ڈار ،ڈاکٹر یسین منیر اورپروفیسر ڈاکٹر حافظ خلیل احمد نے ایچ ای سی سے اپنے اپنے شعبوں کے لیے گرانٹس ریسرچ تھیمیٹک حاصل کر چکے ہیں۔’این آر پی یو‘کے حوالے سے جامعہ ہذا کے استاد ڈاکٹر حافظ عبد الرحمن نے 10.57ملین کی گرانٹ حاصل کی ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر طارق محمود ،ڈاکٹر سعدیہ ملک اور ڈاکٹر عدیل محمود بھی ایچ ای سی سے گرانٹ حاصل کر چکے ہیں۔اس سال ہمارے اساتذہ نے ایچ ای سی کو این آر پی یو کے حوالے سے 10 پراجیکٹ جمع کروائے ہیں۔ آخر میں ا±ن کا کہنا تھا کہ میں خاص طور پر چانسلر آفس اور سی ایم سیکریٹریٹ کی شکر گزار ہوں کہ جنھوں نے ہمیشہ مجھے بطور وائس چانسلر میری ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے میں بھرپور حوصلہ افزائی کی۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور انہیںگولڈاور سلور کے تمغوں سے بھی نوازا۔تقریب کے آخر میں ملک و قوم کے سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔اس موقع پر مہمانوں میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمرڈار،وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ جویریہ مقبول رندھاوا، سابق وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحت سلیمی ، چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ ڈاکٹر طارق محمود قاضی ،وائس چانسلریونیورسٹی آف نارروال پروفیسر طارق محمود ،کنٹرولرکیشان ملک کے علاوہ معزز اراکین سینڈیکیٹ، اکیڈیمک کونسل ،یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ،نمائندگان ایوان صنعت تجارت سیالکوٹ ، معززین ِ شہر ِاقبال اور میڈیا نمائندگان شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=185992