لاہور۔31جنوری (اے پی پی):گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی زیر صدارت گورنر ہائوس لاہور میں یو ای ٹی ٹیکسلا اور ورچوئل یونیورسٹی کے درمیان ہواوے ٹیکنالوجی کے تعاون سے اٹک(جنڈ) میں ٹیکنیکل ریسورس سینٹر کے قیام کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا پروفیسر ڈاکٹر محمد عناعت اللہ خان،ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی اور ٹکٹ ہولڈر(پی پی جنڈ) سید عاطف حسین شاہ گیلانی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بھی بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج تعلیمی اداروں کو ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ خود ملازمت پیدا کرنے والے طالب علم پیدا کرنا ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ضلع اٹک تحصیل جنڈ میں کیمپس کا قیام ایک مثبت اقدام ہے جس سے نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ کے پی کے کے نوجوان بھی مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل جنڈ کے کیمپس کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انشا اللہ بہت جلد جنڈ میں معیاری اور جدید تعلیم سے آراستہ مزید پروگراموں کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 60اور 70کی دہائی میں دنیا ہمارے تعلیمی نظام کو سراہتی تھی مگر آج ہمارے پڑوسی ممالک تعلیم اور صحت کے شعبے میں ہم سے آگے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کران شعبوں میں بہتری لانا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کالی بھیڑوں کے سد باب کے لئے ٹھوس اقدام اٹھانا ہوں گے تاکہ ملک بہتر انداز میں آگے بڑھ سکے۔وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا پروفیسر ڈاکٹر محمد عناعت اللہ خان نے کہا کہ ریسورس سنٹر جنڈ میں فروری کے تیسرے ہفتے سے داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554590