گوگل نے پاکستان میں گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے

115

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):گوگل نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیلی کام فاونڈیشن، ورچوئل یونیورسٹی اور ٹیک ویلی کے اشتراک سے پاکستان میں گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں بدھ کو تقریب کا انعقاد ہوا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے سی ایس فرسٹ پروگرام کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔سی ایس فرسٹ پروگرام فری کمپیوٹر سائنس سلیبس پر مبنی ہے جس کے تحت بچوں کو کمپیوٹر سائنس نالج کی آگاہی دینے کے ساتھ انہیں ڈیجیٹل مہارتیں بھی سکھائی جائیں گی۔ابتدائی طور پر سی ایس فرسٹ پروگرام کا آغاز اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں قائم ٹیلی کام فاونڈیشن کے سکولوں سے کیا گیا ہے۔سی ایس فرسٹ پروگرام سے اسکول کی سطح پر کمپیوٹرٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا اس پروگرام کو جلد ہی تمام سکولوں تک توسیع دی جائے گی۔پروگرام کا مقصد بچوں کو ابتدائی کلاسوں سے ہی کمپیوٹر پروگرامز سے آگاہی دینا ہے، ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت یہ پروگرام پاکستانی بچوں کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا، ڈیجیٹل ورلڈ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اس طرح کے پروگرامز وقت کی ضرورت ہیں، ہماری خواہش ہے کہ اس طرز کے پروگرامز کو پسماندہ اوردور دراز علاقوں تک توسیع دی جائے،سی ایس فرسٹ پروگرام میں کھیل ہی کھیل میں بچوں کو ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جاسکے گی،بہتر مستقبل کیلئے ابتداء ہی سے ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کی بنیاد ڈالنا ضروری ہے۔ اس پروگرام سے سٹوڈنٹس کو بہت فائدہ ہوگا، سٹوڈنٹس کی ڈیجیٹل سکلز میں اضافہ بھی ہوگا۔