گھر پر رہیں، محفوظ رہیں؛ طبی ماہرین کا ہیٹ ویو کے خطرات کے بچنے کیلئے اختیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

12

راولپنڈی۔ 13 جون (اے پی پی):گھر پر رہیں، محفوظ رہیں، طبی ماہرین نے ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشنگوئی کی ہوئی ہے جس کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

طبی ماہر ڈاکٹر انور نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ ہیٹ ویو درجہ حرارت میں اچانک اضافے کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے شہریوں بالخصوص بچوں اور بزرگوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر انور نے بتایا کہ جب سورج کی الٹراوائلٹ اور انفراریڈ شعاعیں زمین سے ٹکراتی ہیں اور ماحول میں پھنس جاتی ہیں تو گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے جس سے مجموعی درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر انور نے مشورہ دیا کہ لوگ براہ راست سورج کی روشنی اور گرمی کی سے بچیں۔ مزید برآں ڈاکٹر انور نے والدین کو مشورہ دیا کہ چونکہ بچوں کو سکول سے چھٹیاں ہو چکی ہیں اس لئے تفریحی مقامات پر جاتے ہوئے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔بالخصوص دن کے وقت گھر سے باہر نہ نکلیں ، خاص طور پر 15 سال سے کم عمر بچوں کو غیر ضروری طور پر باہر جانے سے روکیں۔دوسری جانب نیورو سرجن ڈاکٹر یوسف خان نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی انسانی دماغ کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ دن کے وقت باہر جاتے وقت سر کو کپڑے سے ڈھانپیں یا چھتری کا استعمال کریں، سایہ دار جگہوں پر رہیں تاکہ دماغ پر گرمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی میں دن کے وقت پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔