گیس سیکٹرمیں گردشی قرضوں کے جلداز جلدحل کیلئےرپورٹ اورایکشن پلان کو حتمی شکل دیں،اسحاق ڈارکی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کےحل کیلئےقائم کمیٹی کوہدایت

194
گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے جلد از جلد حل کیلئے رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں، اسحاق ڈار کی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کیلئے قائم کمیٹی کو ہدایت

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار نے گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے حل کیلئے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے جلد از جلد حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔

ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، کمیٹی کے چیئرمین اشفاق یوسف تولہ، ایس ای سی پی کے چیئرمین، کنٹرولر جنرل پاکستان، اکائونٹنٹ جنرل پاکستان کے علاوہ خزانہ اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر اشفاق یوسف تولہ نے اجلاس کو گیس سیکٹر میں گردشی قرضہ کی مقدار اور توانائی کے شعبہ میں گردشی قرضہ کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کے طریقہ کار اور فریم ورک سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ملک میں اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے توانائی کے شعبہ میں پائیداری کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیرخزانہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبہ کے مسائل بشمول گردشی قرضے کے حل کی حکومتی ترجیحات پر عمل درآمد پر زور دیا تاکہ اس شعبہ کے مالی استحکام اور ملک کی اقتصادی ترقی کویقینی بنایا جاسکے۔ وزیر خزانہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضوں کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے اپنی رپورٹ اور ایکشن پلان کو حتمی شکل دیں۔