سرگودھا۔14ستمبر (اے پی پی):صوبائی سطح پر منعقدہ پہلے ہائیر ایجوکیشن انٹر کالجیٹ مقابلوں میں سو میٹر کی ریس میں سرگودہا ڈویژن کے ایتھلیٹ محمد منیر نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ لاہور میں منعقدہونے والے ان مقابلوں میں پنجاب کے تمام 8 ڈویژن کے ایتھلیٹ شریک ہوئے۔
گولڈ میڈل حاصل کر کے سرگودہا ڈویژن کانام روشن کرنے والے محمد منیر گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج برائے بوائز چک نمبر 47 ایم بی کا طالب علم ہیں ،ان مقابلوں کے مہمان خصوصی نگران وزیر ہائیر ایجوکیشن منصور قادر اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جاوید اختر محمود نے شاندار کامیابی پر ایتھلیٹ محمد منیر اور ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر سمیت دیگر کو مبارکباد دی اور نوجوان ایتھلیٹ محمد منیر کی مزید کامیابی کیلئے دعا کی۔
ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن سرگودہا ڈویژن کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہائیر ایجوکیشن انٹر کالجیٹ مقابلوں میں شریک سرگودہا ڈویژن کے دیگر کھلاڑی اور ٹیمیں بھی اس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنرل ٹرافی حاصل کریں گے۔