ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی گورننگ باڈی، کمیشن کا 42واں اجلاس

105
HEC
HEC

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی گورننگ باڈی، کمیشن کا 42واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے ایچ ای سی کی پالیسیوں اور کردار پر گفتگو کی گئی۔ ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمیشن کے نئے اراکین کو خوش آمدید کہا اور ایچ ای سی کے مقاصد، افعال، کامیابیوں اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

کمیشن اراکین نے شعبہ اعلیٰ تعلیم کی تزویراتی سمت کو قومی ضروریات اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی پر اثرات سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔ کمیشن نے نئی جامعات کو ریکرنگ گرانٹ کی فراہمی کے موضوع پر بھی غور و خوض کیا اور موجودہ مالی سال (2023-24) کے لئے ایچ ای سی کے ریکرنگ اور ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی۔

کمیشن نے کوالٹی ایشورنس، پروگرام ایکریڈیٹیشن، اکیڈیمکس، انسانی وسائل اور فنانس اینڈ آڈٹ سے متعلق شعبہ جات کے لئے قائم قائمہ کمیٹیاں بحال کیں اور اتفاق کیا کہ پالیسی سازی کو بہتر بنانے اور تعلیم و تحقیق میں بہتری، گڈ گورننس اور معاشی پائیداری پر مبنی شعبہ اعلیٰ تعلیم کو مستحکم بنانے کے حوالے سے کمیشن کے اجلاس منعقد کئے جاتے رہیں گے۔