ہارس اینڈ کیٹل شو میں انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ کے فائنل مقابلے پاکستان، مصر ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ نے جیت لئے

107

لاہور۔13فروری (اے پی پی):انٹر نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ کے آخری روز سنگل لائن ، ڈبل ، ٹرپل اور چار شاہ سواروں کے فائنل مقابلوں کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا ۔ تین روزہ انٹرنیشنل ٹینٹ پیکنگ فرینڈشپ ٹورنامنٹ جمعرات کو بینین ٹری پولو گرائونڈ کینٹ لاہور میں منعقد ہوا جس میں جنوبی افریقا ، سعودی عرب ، مصر ، روس ، قطر ،کویت ،امریکہ ، ناروے اور پاکستان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ تیسرے دن کھیل کے فائنل نتائج میں پاکستان نے پہلی پوزیشن ، مصر نے دوسری ، سعودی عرب تیسری اور چوتھی جنوبی افریقا نے حاصل کی ۔

9 انٹرنیشنل ٹیموں اور36 کھلاڑیوں نے ٹینٹ پیگنگ فرینڈشپ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا ۔تیر اندازی کے مقابلوں میں پاکستان ، روس ، ترکی ، ایران اور قازقستان کے 16 تیر انداز کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، تیر اندازی کے مقابلے میں قازقستان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن ، ترکی دوسری اور ایران نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ نیزہ بازی کی 9 اور تیراندازی کی 5بین الاقوامی ٹیمیں مقابلوں میں شامل رہیں ۔شاہ سواروں نے گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی کمال مہارت کا مظاہرہ کیا جیسے شائقین کی جانب سے خو ب سراہا کیاگیا۔ جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے ۔

فورٹریس سٹیڈیم میں نیشنل ٹینٹ پیگنگ کے مقابلوں میں پہلے دن 60 ٹیمیں کے260 گھڑ سواروں نے سنگل لائن مقابلوں میں حصہ لیا۔پہلے روز کے سنگل مقابلوں میں مہر عمران حیدر بربانہ ( وٹوکلب) پہلی پوزیشن، دوسری رائے آصف بھولا کھرل ( ایس اے گارڈن )، تیسری ملک علی حسن وٹو( ذیلدار کلب) اور چوتھی پوزیشن کہاوڑ ٹینٹ پیگنگ کلب نے حاصل کی ۔ اسی طرح دوسرے روز کے سنگل لائن نیزہ بازی مقابلوں میں پہلی پوزیشن مہر اسرار احمد نرگانہ ، دوسری علی بابر الپا اور تیسری پوزیشن رائے آفتاب مائنیکا، چوہدری چن محمود راندوانہ نے حاصل کی ۔

تیسرے روز سیشن آف فور کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن چوہدری سنی خان رانجھا (کھرل کلب چھوکر کلاں )،دوسری چوہدری منور عباس کھوکھر (شو لائن کلب لاہور) اورتیسری چوہدری جواد ارشد بٹ ،الحفیظ ملک ( جہلم کلب) نے حاصل کی ۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر صوبائی وزیر ہا ئوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے چیئرمین پی ایچ اے غزالی سلیم بٹ کے ہمراہ نیشنل ٹینٹ پیگنگ مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔