ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں کل مزید 4میچوں کا فیصلہ ہو گا

211

بھوبنیشور۔19جنوری (اے پی پی): انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 15واں ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں کل(جمعہ کو )مزید چار میچوں کا فیصلہ ہو گا، پہلے میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا جبکہ دوسرے میچ میں فرانس اور ارجنٹائن کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی ، تیسرے میچ میں بیلجیم اور جاپان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چوتھا میچ جنوبی کوریا اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مینز ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت میں جاری ہےجس میں شائقین ہاکی کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔میگا ایونٹ میں جمعہ کو چار میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پول اے کی ٹیمیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نبرد آزما ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں اسی میدان پر اسی گروپ کی ٹیمیں فرانس اور ارجنٹائن پنجہ آزمائی کریں گی ۔

تیسرے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں بیلجیم اور جاپان آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چوتھا میچ بھی اسی گروپ کی ٹیموں جنوبی کوریا اور جرمنی کے درمیان کھیلاجا ئے گا۔ واضح رہے کہ جمعہ کو چاروں شیڈول میچز برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم، رورکیلا میں کھیلے جائیں گے۔پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے لئے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہے، گرین شرٹس کو سب سے زیادہ 4 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔