ایبٹ آباد۔ 2 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء ﷲ خان کی ہدایت پر ہرنو اور عزیز آباد ایریا میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ حکومتی ہدایات کے مطابق ہرنو ندی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی جی ڈی اے، ایریگیشن اور ٹی ایم اے کے تعاون سے شروع کر دیا گیا ہے،
آپریشن کے دوران ہرنو ندی میں قائم 120 سے زائد پختہ تجاوزات کو ختم کیا گیا، آپریشن کے دوران 134 کنال سے زائد ایریا کو واگزار کروایا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایبٹ آباد گوہر علی کی زیر نگرانی ہرنو عزیز آباد ایریا میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔
آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات شمیم ﷲ، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ، ایس ڈی او نمائندہ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، نمائندہ جی ڈی اے، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹی ایم اے، تحصیلدار ایبٹ آباد، نائب تحصیلدار ایبٹ آباد اور ریونیو سٹاف بھی موقع پر موجود رہے۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے بہت سی تجاوزات کو ختم کیا گیا۔