ہر لمحہ سفید پوش طبقے کی مشکلات کا احساس ستائے رکھتا ہے ،رمضان میں عام آدمی کی مشکلات کو کچھ کم کرنے کے لئے آٹے اور چینی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے ، وزیراعظم شہبازشریف

99

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ انہیں ہر لمحہ معاشی بدحالی سے متاثرہ سفید پوش طبقے کی مشکلات کا احساس ستائے رکھتا ہے ، رمضان میں عام آدمی کی مشکلات کو کچھ کم کرنے کے لئے آٹے اور چینی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے ۔

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھے ہر لمحہ یہ احساس ستاتارہتاہے کہ معاشی بدحالی کے موجودہ حالات میں سفید پوش طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہم کیا کچھ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمیں قومی خزانہ جس حالت میں ملا ہے وہ میری اس خواہش کو پورا کرنے کے قابل نہیں،مگر پھر بھی ماہِ رمضان کے دوران اپنے تنگدست اہلِ وطن کی مشکلات کو کچھ کم کرنے کے لیے میں نے پنجاب میں 10 کلو آٹے کی قیمت 550روپے سے کم کر کے 400روپے اوررمضان بازار/یوٹیلیٹی سٹورز میں چینی 75 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک کے معاشی حالات کو بہتر کرنے کے لیے ہم دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ اپنے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکیں، انشااللہ۔