31.6 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںہزارہ یونیورسٹی اور بین الاقوامی ادارے کے درمیان زراعت کے شعبہ میں...

ہزارہ یونیورسٹی اور بین الاقوامی ادارے کے درمیان زراعت کے شعبہ میں تحقیق کے لئے باہمی تعاون کا معاہدہ

- Advertisement -

مانسہرہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور ترقی پذیر ممالک میں غربت اور بھوک ختم کرنے سمیت سماجی بہتری کے لئے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل واٹرمینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان آبی وسائل کی ترقی ،موسمیاتی تبدیلیوں ، غذائی تحفظ اور خیبر پختونخواہ میں زراعت کے شعبہ میں تحقیق کے لئے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز اور آئی ڈبلیو ایم ائی کے ڈائریکٹر فوڈ اینڈ ایکو سسٹم ڈاکٹر محسن حفیظ نے یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت آبی وسائل کی ترقی ،انتظام اور فوڈ سکیورٹی پر تحقیق اور اس ضمن میں ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تعاون کیا جائے گا جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والی زراعت اور پانی کے مسائل کو مستحکم بنیادوں پر حل کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ادارے اپنے تعلقات کو منظم کرنے، آبی وسائل کی ترقی اورغذائی تحفظ سمیت متعلقہ تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں تعاون کریں گے جبکہ صوبائی حکومت کوآب و ہوا سے مطابقت رکھنے والی زراعت ،

- Advertisement -

آبپاشی اور لائیو سٹاک کے لئے پالیسیوں پر معاونت و مشاورت فراہم کی جائے گی۔ایم او یو کے تحت آئی ڈبلیو ایم آئی ہزارہ یونیورسٹی کے متعلقہ تعلیمی شعبے کے طلباء و طالبات کو اہلیت کی بنیاد پر انٹرن شپ کے مواقع اور تحقیقی موضوعات کے ڈیٹابیس تک رسائی فراہم کرے گی جبکہ ورکشاپس، کانفرنس اور سیمینارز کا مشترکہ انعقاد اور پیشہ ورانہ طور پر جوائنٹ ریسرچ کی اشاعت بھی مفاہمتی یاداشت میں شامل ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کا ایک بڑا اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے

جہاں چار فیکلٹیز کے تحت 32سے زائد تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات اور100سے زائدمارکیٹ اورینٹڈپروگراموں میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء و طالبات اور سکالرز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ آئی ڈبلیو ایم آئی کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ارتھ اینڈ انوائرومنٹل سائنسز میں پہلے سے جاری تحقیقی سرگرمیوں میں مزید جدت اور وسعت آئے گی۔

آئی ڈبلیو ایم آئی کے ڈائریکٹر فوڈ اینڈ ایکو سسٹم ڈاکٹر محسن حفیظ نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ساتھ ہونے والے باہمی تعاون کو معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی و خوراک کے تحفظ اور زراعت و پانی کے مسائل کو جدید خطوط پر حل کرنے کے لئے یہ معاہدہ نہایت کارآمد ثابت ہوگا اور ہم ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مذکورہ مسائل کا بہتر اور دیرپا حل تجویز کر سکیں گے ۔اس موقع پر آئی ڈبلیو ایم آئی کے حکام کے علاوہ یونیورسٹی کے ارتھ اینڈ انوائرومنٹل ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر آصف جاوید اور منیجر اوآر آئی سی ڈاکٹر زبیر عالم خان بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=521831

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں