31.6 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ایک روزہ جاب فیئر اور بزنس ایکسپو 2025...

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ایک روزہ جاب فیئر اور بزنس ایکسپو 2025 ءکا انعقاد

- Advertisement -

مانسہرہ۔ 27 مئی (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ایک روزہ جاب فیئر اور بزنس ایکسپو 2025 ءکا انعقاد کیا گیا۔ یہ ایونٹ خاص طور پر ملازمت کے متلاشی، انٹرنشپس کے خواہشمند اور اپنے کاروباری آئیڈیاز کو عملی شکل دینے والے نوجوانوں کے لیے ترتیب دیا گیا۔ جاب فیئر اینڈ بزنس ایکسپو میں مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے علاوہ خواتین نے بھی اپنے سٹال لگائے جو کافی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد اقبال خٹک نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاب فیئر اینڈ بزنس ایکسپو 2025 ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور ہزارہ یونیورسٹی کے تعاون سے منعقد ہوا ہے جس میں مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تقریباً 90 سٹال لگے ہیں، نوجوانوں نے اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یونیورسٹی میں اس قسم کے ایونٹ منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کو نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں۔ جاب فیئر اینڈ بزنس ایکسپو کے دوران وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور ہزارہ یونیورسٹی کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لئے اپنے آپ کو ثابت کرنے کا دن ہے، دوران تعلیم نوجوانوں نے جو سکلز حاصل کی ہیں وہ کارآمد ثابت ہوں گی اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا دن ہے۔ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی نے کہا کہ آج جتنی کمپنیاں بھی آئی ہوئی ہیں وہ ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے آئی ہوئی ہیں، نوجوان ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ کنگ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نوجوان سی ای او نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا برینڈ لانچ کیا ہوا ہے جو خالصتاً پاکستانی ہے، ہمارے برینڈ کے مشروبات اور پانی پورے پاکستان میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک کی کمپنیوں کی مصنوعات کو استعمال کریں اور ان کو پروموٹ کریں تاکہ کاروبار اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران نوجوانوں نے ہمیں اپنی سی ویز بھی دی ہیں جن پر ہم غور کریں گے۔

ہری پور سے تعلق رکھنے والی خاتون نزہت فاطمہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حال ہی میں ریشم رنگ پاکستان کے نام سے تنظیم بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جستی کا کام ہے، یہ ریشم سے تیار ہوتی ہے اور کھدر کے کپڑے پر بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد خواتین کو روزگار فراہم کرنا اور خواتین کو با اختیار بنانا ہے۔ ایونٹ کے آخر میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602054

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں