مانسہرہ۔ 9 مئی (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے مختلف شعبہ جات کی طالبات نے ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام سندھ میں منعقدہ آل پاکستان ایچ ای سی انٹرورسٹی ویمن جوڈو چیمپئن شپ 2025میں میڈلز حاصل کئے۔شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن کی بی ایس طالبات تنزیلہ ابراہیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ ایل ایل بی کی مصباح رحمان، آئی ٹی کی علیشبہ اختر اور انگلش ڈیپارٹمنٹ کی فضہ طارق نے مذکورہ جوڈو ایونٹ میں کانسی کے تمغے جیتے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے جوڈو کے مقابلوں میں یونیورسٹی کے طلبا کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے یونیورسٹی کا ملک بھر میں سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ میڈلز جیتنا اس بات کی علامت ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی کے طلبا ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ٹیلنٹ میں برابر ہیں۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس کی کاوشوں کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594822