لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں نئے بیڈز کی فراہمی کے لئے مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ لاہور میں میو ہسپتال گئے اور میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر نو کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے جاری تعمیراتی کاموں اور ایمرجنسی بلاک میں بنائے گئے نرسنگ کاؤنٹر اور کنسلٹنٹ روم کا معائنہ کیا۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں ہسپتالوں کی تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کو سراہا۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے متعلقہ افسران کو ان کی کارکردگی پر سراہا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتالوں میں نئے بیڈز کی فراہمی کے لئے مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور میں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت سے آنکھوں کے علاج کے لئے لائے گئے قیدیوں کی عیادت بھی کی۔ وزیر اعظم نے میو ہسپتال کے ریڈنگ روم کا بھی دورہ کیا اور ریڈنگ روم میں مطالعہ کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کی تعریف کی۔