اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہلال احمر پاکستان کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں،صوبائی برانچوں کے پی اور ضم کردہ علاقہ جات نے کرم اور بنوں کے متاثرہ خاندانوں کو بروقت مدد فراہم کر کے تاریخ رقم کی، میں ہلال احمر پاکستان کو دل سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بے لوث خدمت ہلال احمر پاکستان کا خاصہ ہے۔ ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام ورلڈ ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ کرم متاثرین کے لیے سب پہلے ریسپانس دینے والا ادارہ ہلال احمر پاکستان تھا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں میں طبی سہولیات،پینے کا صاف پانی اور دیگر خدمات کی بھی تعریف کی۔
اس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں،شرکا اور رضاکاروں کو خوش آمدید کہا۔چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان فرزانہ نائیک نے اپنے خطاب میں ہلال احمر پاکستان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بانی ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ہنری ڈوننٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اپنے سٹاف،رضاکاروں اور صوبائی برانچوں کے قابل رشک کردار کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا۔
فرزانہ نائیک نے کہا کہ ہم نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں ہیلپ لائن 1030 کو فعال کردیا ہے جو کہ ایمبولینس سروس، نفسیاتی امداد، فرسٹ ایڈ، بلڈ ڈونیشن کیلئے استعمال کیا جاسکتی ہے۔ایمر جنسی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی سے متعلق عملی مشق کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ہلال احمر پاکستان کی خدمات پر مبنی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں آئی ایف آرسی،آئی سی آر سی،جی آرسی،نارکراس،ترکیہ ریڈ کریسنٹ کے مندوبین،حسن ابدال کیڈٹ کالج کے کیڈٹس کے علاوہ مقامی گرائمر سکول اور کوتھرکالج فار وومن کی بھی شرکت تھی۔تقریب کے اختتام پر ہلال احمر پاکستان کی جانب سے چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔واضح رہے کہ ریڈکراس ریڈ کریسنٹ ویک کے دوران نمل راولپنڈی میں خون کے عطیات کا کیمپ بھی لگایا گیا۔ ہلال احمر سٹاف کیلئے ابتدائی طبّی امداد سے متعلق عملی مشق بھی منعقد کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594428