ہمارا دین صحت مند زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے، بسیار خوری اور سستی کی ہمارے دین میں کوئی گنجائش نہیں، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری کا تقریب سے خطاب

118

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ ہمارا دین صحت مند زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے، بسیار خوری، سستی بری عادتیں ہیں جن کی ہمارے دین میں کوئی گنجائش نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ڈویژن میں گلو بل ایکٹو سٹیز پاکستان پراجیکٹ کے حوالے سے راولپنڈی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر کیا ۔وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زلفی بخاری نے افتتاحی سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں صحت مند سرگرمیوں کا فروغ از حد ضروری ہے،وزیر اعظم عمران خان دنیا کے متحرک اور جسمانی طور پر فعال ترین حکمران ہیں وہ ملک میں صحت مند طرز زندگی کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے گلوبل ایکٹو سٹیز پاکستان پراجیکٹ کا آغاز کرکے پورے ملک کے لئے مثال قائم کر دی ہے اور یہ ملک کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کے تین اضلاع بین الاقوامی فریم ورک کا حصہ بن گئے جس کے تحت معاشرے میں کھیلوں اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیا جائے گا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ گلوبل ایکٹو سٹیز پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں سپورٹس کو فروغ دیا جائے گا اور عوام کو صحتمند زندگی کی طرف ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین بھی ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے اور موٹاپہ، بسیار خوری اور سستی ایسی بری عادتیں ہیں جن کی ہمارے دین میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ کیپٹن (ر) محمد محمود سپورٹس اور صحت مند طرز زندگی کو پسند کرنے والے آفیسر ہیں اور وہ راولپنڈی کے پہلے کمشنر ہیں جنہوں نے کمشنر آفس میں بلایا اور ورزش کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ڈھوک کالا خان سے پیدل کچہری چوک آیا کرتے تھے اور جب کسی قدر حالات میں بہتری آئی تو وہ سائیکل پر سواری کرتے تھے اور یہی وہ جسمانی مشقت ہے جو عمر بھر کام آ رہی ہے۔کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ گلوبل ایکٹیو پراجیکٹ کی مدد سے ایسا کلچر متعارف کرنا چاہتے ہیں جس سے معاشرے میں صحتمند طرز زندگی کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کھیل کے بہت میدان موجود ہیں اور ان کو اس منصوبہ کے تحت مزید بہتر کیا جائیگا اور مزید سہولیات سے مزین کیا جائے گا۔ تقریب کے موقع پر کرکٹ سٹار شعیب اختر، کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز، ڈویژنل انتظامیہ افسران اور اہلکار بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر تمام مہمانوں نے فٹنس سیشن میں بھی حصہ لیا۔