اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد معاشرے میں ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے ، سب سے پہلے پاکستان اور اسی سے ہماری سا لمیت ہے، ہمیں پاکستان کو خوشحال بنانے کے لئے ملی یگانگت قائم کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےنیشنل بُک فائونڈیشن کے زیر اہتمام ”ہم پاکستانی ہیں قومی و علمی سیمینار “میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بیانیے کی تشکیل کے ذریعے ہم سماجی آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس پیغام کو پورے ملک میں پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ یہ ایک فکری اور قلمی جہاد ہے اس جہاد میں خصوصاً اہلِ قلم ، دانشور اور مصنفین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل بُک فائونڈیشن قلمی اور فکری تحریر و تقریر کے ذریعے تعلیم و تربیت کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ سیمینار کی مہمانِ اعزاز وفاقی پارلیمانی سیکرٹری وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ اکرام نے کہا کہ معاشرے کے افراد کی تعلیم و تربیت اور انھیں اچھے شہری بنانے میں محکمہ تعلیم کا بڑا اہم کردار ہے ، محکمہ تعلیم میں اس حوالے سے پورے خلوص اور لگن کے ساتھ کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا ہم اُس وقت تک ترقی نہیں کر سکتے جب تک ہم اپنے وطن کے لیے قربانی کا جذبہ نہ رکھیں اور جذبہ ہمارے خون کے آخری قطرے تک ہونا چاہیے۔ ہم نے اپنی مٹی سے جُڑ کو مضبوط بنانا ہے اورہم سب کو سندھی ، بلوچی، پنجابی ، پختونخوا سے نکل کر ایک پاکستانی کی حیثیت سے اپنے فرائض نبھانے ہیں۔نیشنل بُک فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر قیصر عالم نے ابتدائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی سالمیت کو قائم رکھنے کے لیے ہم نے تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر سوچنا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تحریرو تقریر کے ذریعے اور اپنے کردار کے ذریعے ایک ایسا عملی نمونہ پیش کریں جس سے معاشرے میں ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل بُک فائونڈیشن پچھلے 48سالوں سے نصابی علم و ادب دیگر مفید اور معلوماتی کتابیں شائع کر کے معاشرے کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس تقریب میں ملک کے نامور اہل قلم دانشوروں اور ماہرین تعلیم نے مقالے پڑھے جن میں ڈاکٹرمحمد ضیاءالحق( ڈائریکٹر جنرل، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، اسلام آباد)،ڈاکٹر قبلہ ایاز( سابق چیئرمین، کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی، CII اسلام آباد)،گروپ کیپٹن ایس ایم حالی،حفیظ خان(نامور ادیب و دانشور) ، ڈاکٹر وسیمہ شہزاد (ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز)، ڈاکٹر حمیرا اشفاق(نامور افسانہ نگار) اور پروفیسر ادریس آزادشامل تھے ۔ تقریب میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے اہل قلم اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض محبوب ظفر نے بڑے احسن طریقے سے سرانجام دیئے ، یہ ایک قومی یادگار تقریب تھی۔