خانیوال۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):خانیوال، پارلیمانی سیکرٹری برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس رانا محمد سلیم حنیف نے کہا ہے کہ ہماری ثقافت ہماری شناخت ہے اور ہم اس تقریب کے ذریعے اس قیمتی ورثے کو زندہ رکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے خانیوال پبلک سکول اینڈ یونیورسٹی کالج میں دو روزہ پنجابی ثقافتی میلے کی تقریب میں کیا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر،چیئرمین خانیوال ایجوکیشن ٹرسٹ محمد علی بخاری، اے ڈی سی آر عبدالستار خان، اے سی سنبل جاوید، پرنسپل حافظ محمد راشد سعید رانا، سی او راٹھور گروپ رانا محمد لطیف، گرلز ونگ ایگزیکٹو مسزمسرت گیلانی، بوائزونگ ایگزیکٹو محمد انوار، پریپ سکول ایگزیکٹو شازیہ احمد کھگہ، مس نصریٰ شاہد، مس نسیم کوثر، ایڈمن محمد اقبال، فوزیہ احمد کھگہ، جی ایم جدید گروپ نوید احمد سیال, سمیت افسران، سول سوسائٹی، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کمپیئرنگ کے فرائض عمارہ مظہر، نورین خٹک نے سرانجام دئیے۔
مہمان خصوصی رانا محمد سلیم حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا جو کہ خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح کے میلوں سے آپسی خوشیوں، رواداری، یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے اور یقینا پنجاب کی ثقافت کا ہر پہلو محبت، رواداری، اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے پنجاب کی زمین اپنی روایات، تہذیب، اور ثقافتی عظمت کے لحاظ سے نہایت مالا مال ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ پنجاب ثقافتی میلے کی تقریب اس بات کا اظہار ہے کہ ہم ا پنے اس قیمتی ورثے کو کتنا عزیز رکھتے ہیں اور اسے اپنی نئی نسل تک پہنچانے کے لیے کتنے پُرعزم ہیں، پنجاب کا کلچر، یہاں کی موسیقی، لباس، رقص، زبان او ررسم ورواج میں ایک مخصوص خوبصورتی اور جذبہ ہے جو دلوں کو جوڑتا ہے۔ پرنسپل حافظ راشد سعیدرانا نے کہا کہ اس ثقافتی میلے کا مقصد صرف تفریح نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنے ماضی سے جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہم جان سکیں کہ ہماری بنیادیں کتنی مضبوط ہیں ہمیں اپنی ثقافت کو اپنانا اور اس کا تحفظ کرنا ہے تاکہ ہم ایک پرعزم اور خودمختار قوم کے طور پر ابھریں۔
انہو ں نے مزید کہاکہ آخر میں ضلعی انتظامیہ، اساتذہ کرام، طلبہ اور سٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس شاندار تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا آپ سب کی محنت اور لگن سے یہ تقریب ایک کامیابی کا نشان بنی ہے۔
اس موقع پر لوگ فنکار واجد علی بغدادی نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے تقریب کو چارچاند لگا دئیے جبکہ طلبہ کی جانب سے مختلف رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ بعدازاں پارلیمانی سیکرٹری برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس رانا محمد سلیم حنیف نے ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری، پرنسپل حافظ محمد راشد سعید رانا نے ثفافتی اشیاء،فوڈ،ابرائیڈری، پنجابی دستکاری و دیگر اسٹالزکا معائنہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=512549