ہماری فوج ہھارت سے بھی لڑ سکتی ہے کچے کا آپریشن کوئی بڑا مسئلہ نہیں،سندھ میں امن و امان کے لیے کام کرنا ہے ، نگران وزیر داخلہ حارث نواز

160
نگران وزیر داخلہ حارث نواز

لاڑکانہ۔20ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر داخلہ سندھ حارث نواز اور انسپکٹر جنرل پولیس رفعت مختار نے تھانہ درانی مہر پہنچ کر ضلع کشمور میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری فوج بھارت سے لڑ سکتی ہے کچے کا آپریشن کوئی بڑا مسئلہ نہیں، ہمیں سندھ میں امن و امان کے لیے کام کرنا ہے ،آج کشمور کے کچے کا دورہ کیا اور وہاں تھانے اور چوکیاں دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دبائو نہیں، ہم کراچی سمیت سندھ سے جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کچے میں ڈاکو اور پکے میں سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کریں گے ، پولیس، رینجرز اور سپیشل برانچ مل کر آپریشن کر رہے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم فوج سے مدد لیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مجرم پولیس کے سامنے پیش ہوں گے، ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،ہم چاہتے ہیں کہ مجرم اپنی معمول کی زندگی گزاریں اور ان کے بچے تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی مشاورت سے قبائلی نظام کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گے، پولیس کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کچے میں ڈیوٹی دینے والے جوانوں کو کچ الائونس دیا جائے گا،

سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کریں گے جو ضلع کشمور میں لوگوں کے اغوا ءمیں ملوث ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ تمام افسران اچھا کام کر رہے ہیں، کوئی دبائو نہیں، سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر داخلہ نے پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پکٹس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید جسکانی، ونگ کمانڈر رینجرز کرنل جمیل احمد، ایس ایس پی کشمور روحیل کھوسو اور دیگر معززین موجود تھے۔