اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت پر دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ہمارے سر فخر سے بلند کردیئے،پاکستان کی خواتین بھی مادر وطن کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ قوم نے ایک بار پھر جس عزم کا اظہار کیا وہ قابل تحسین ہے اس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس ایوان میں ہر ایک محب وطن ہے اور پاکستان کے لئے جذبہ رکھتا ہے۔
قوم نے ثابت کیا کہ میلی آنکھ سے وطن کی طرف دیکھنے والوں کو متحد ہوکر جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اچھا اقدام ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے۔پاکستان نے عالمی قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اور سویلین کو نشانہ نہیں بنایا۔ہم ان سب لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،آرمڈ فورسز نے بہترین کردار اداکیاہے۔
بھارتی جارحیت پر ان کے حوصلے،عزم اور مہارت کو سلام پیش کرتے ہیں۔افواج پاکستان نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔اس ملک کے دفاع کے لئے پاکستان کی خواتین بھی شانہ بشانہ ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دوست ممالک،اقوام متحدہ اور امریکہ کی جنگ بندی کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
شہید بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔پہلگام واقعہ کے بعد بغیر ثبوت کے انڈیا نے پاکستان پر الزام لگادیا،پھر بلا اشتعال جارحیت کی۔ان کے جہازوں کی تباہی کا اعتراف اب خود ان کا میڈیا بھی کررہا ہے۔بھارتی میڈیا نے زرد صحافت کی بدترین مثال قائم کی اب اسے کچرا کہا جارہا ہے۔ہمارے میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596845