فیصل آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیئر مین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب نے کہاہے کہ اس وقت پوری امت مسلمہ اضطراب میں مبتلا ہے جس کی وجہ فرانس میں ہمارے نبی اکرم سرور کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خاکوں کی اشاعت ہے حالانکہ مذہب اسلام امن کا پیغام دیتا اور کسی قسم کی دہشت گری کی حمایت نہیں کرتالیکن چونکہ نائن الیون کے بعد اسلام پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے لہٰذا اس کو یورپی ممالک اچھا نہیں سمجھتے جس کی وجہ سے وہ ہمارے نبیؐ کی شان میں گستاحی کرتے ہیں اسی لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھے ہیں تاکہ اقوام متحدہ میں اس کے خلاف قانون بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی مذہب یا اس کی کتاب کی بے حرمتی نہ کرے اور جو اس کا مرتکب ہو اسے سخت سے سخت سزادی جائے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز ضلع کونسل ہال فیصل ۱ٓباد میں منعقدہ پیغام سیرت رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ آؤ امن کی طرف کیونکہ ہمارا دین انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں سے بھی حسن سلوک کی دعوت دیتا ہے نیز ہمارا مذہب کہتا ہے کہ کسی کے جھوٹے خدا کو بھی گالی نہ دو کیونکہ پھر وہ تمارے حقیقی خدا کو گالی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے اسی لئے امام الانبیاء کا ذکر خیر کر نا اپنے گناہوں کی مغفرت کرنے کا وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجدار مدینہ کی آمد سے تاریک دل جگمگا اٹھے،بے سہاروں کو سہارا مل گیا، انسانیت کوجینے کا سلیقہ مل گیا، یہی وجہ ہے کہ جو اپنی معصوم بچیوں کو زندہ در گور کرتے تھے محبوب کائنات ؐکی با برکت آمد سے انہیں قیامت تک کیلئے عزت و احترام کا مرتبہ مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں مگر اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی آمد کا جشن منانا ہر مسلمان کے جذبات کی عکاسی ہوتا ہے لہٰذا گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی ہم اپنے آقاؐ کی ولادت با سعادت کا جشن بھرپور طریقے سے منائیں گے کیونکہ حضرت محمدؐ کی ذات باعث تخلیق کائنات ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں سیرت طیبہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے اسلئے اگر ہم اپنی زندگی سیرت طیبہ کے مطابق گزارتے ہیں تو یہی ہمارے لئے حقیقی نجات ہے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی قائدین اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے ہمارے ریاستی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں مگر انہیں یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ جلسے جلوسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں نیز ہماری فوج ہمارے ما تھے کا جھومر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے فرانس کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے احتجاج کیا اور ان پر واضح کردیا ہے کہ ۱یسی حرکات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کو پوری دنیا میں اتنا امن اور تحفظ حاصل نہیں جتنا پاکستان میں حاصل ہے۔ اس موقع پر عبید اللہ گورمانی، فخرفیصل آباد علامہ طاہر الحسن، حق نواز قادری اور مولانا محمد رفیق جامی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پرپاکستان علما کونسل کے رہنما قاری عصمت اللہ، مولانا عمر وقاص، مولانا امین الحق اشرفی، مولانا صاحبزادہ محمد اظہار الحق اور دیگر علما بھی موجود تھے۔