سیالکوٹ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ’’ہمت کارڈ‘‘ کا اجراء کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی افراد اور ان کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، ہمت کارڈ کی بدولت جسمانی معذوری کے شکار ایسے افراد جو کام کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں ،ان کیلئے حکومت پنجاب مستقل وظائف بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام کے ہمراہ سوشل ویلفیئرکمپلیکس میں سپیشل پرسنز میں ہمت کارڈز اور پہلی قسط نقد رقوم دینے کے دوران کہی۔ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہمت کارڈ کا اجراء کرکے سرخرو ہوگئی ہیں ،اب سوشل ویلیفئرڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام اور عملہ کی قانونی، اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے کہ پوری دیانتداری اور خلوص نیت سے حقداروں تک ان کا حق پہنچائیں اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔
یاد رہے کہ آج صوبہ بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب ہمت کارڈ کی تقسیم شروع کردی گئی ہے،سیالکوٹ میں اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چودھری فیصل اکرام نے سمبڑیال میں پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفئیر چودھری ارشد وڑائچ، ڈسکہ میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف اور پسرور میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف نے سپیشل پرسن میں ہمت کارڈ کی پہلی نقد قسط 10 ہزار 500 اور ہمت اے ٹی ایم کارڈ تقسیم کئے،
ابتدائی طور پر 200 سپیشل پرسنز میں ہمت کارڈ اور پہلی قسط ادا کی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 877 افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ وویمن پروٹیکشن آفیسر عمران کسانہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سوشل ویلفیئر اسماء احمد، مس زرقہ اور جمیل باجوہ بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=509807