ہمیں سرکاری ملازمین کی اہمیت، ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

106

اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں سرکاری ملازمین کی اہمیت، ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دھرنا اس وقت دیا جاتا ہے جب آپ کی شنوائی نہ ہو رہی ہو،ہمیں علم ہے کہ مہنگائی میں اضافہ کے سبب سرکاری ملازمین بھی تکلیف کا شکار ہیں،ہمیں اس کیلئے راستہ نکالنا ہے اس کیلئے ہم نے کچھ وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ا نہوں نے سرکاری ملازمین سے گذارش کی کہ ان کا احتجاج ریکارڈ ہو چکا ہے، اب وہ اپنے نمائندے نامزد کریں اور گفت و شنید کے ذریعے معاملات کا حل نکالیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر مسئلے کو ہوا دے اور معاملات کو سلجھانے کی بجائے ان میں مزید بگاڑ پیدا کرے،میری رائے میں سرکاری ملازمین کی اپنی تنظیمیں ہیں وہ اپنا موقف بہتر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے انہیں اپوزیشن کے سہارے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ خزانہ کو وسائل کی طرف بھی دیکھنا ہے جس کا بوجھ بالآخر عوام پر آئے گا، ہمیں اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات کو سلجھانا ہے۔