ہمیں قوم کی فکری اصلاح کرنا ہوگی، ٹیکس کلچر کو عام کرنا ہو گا،وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا راولپنڈی چیمبر میں سیمینار سے خطاب

82
ریاست مدینہ جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اسلامی تاریخ کی اساس اور بنیاد ہے، وفاقی وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری

راولپنڈی۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہاہے کہ صرف قوانین بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ، ہمیں قوم کی فکری اصلاح کرنا ہوگی۔ اخلاقی تربیت کرنا ہو گی،خوف خدا اور حب رسولﷺ نوجوان نسل کے ذہنوں میں ڈالنا ہو گا، ہمیں ٹیکس کلچر کو عام کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبرآف کامرس کے زیراہتما م” اسلام اور کاروبار، قرآن و حدیث کی روشنی میں ” کے موضوع پر سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ چیمبر نے ایک اہم موضوع کا انتخاب کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی مکمل ترین ضابطہ حیات ہے نبوت کے اعلان سے قبل آپ نے بطور تاجر تجارت کا آغاز کیا۔ آپ صادق و امین تھے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے چیمبر نے جو مہم شروع کی ہے، وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی۔

بیرون ملک ہمارے پاکستانی وہاں کے تمام قوانین کو فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج 16 دسمبر ہے اور یہ شام ایک بڑے سانحہ کی ہے، میں اس سانحے میں شہید بچوں کے والدین کے لیے دعا گو ہوں اللہ پاک انہیں صبر دے۔سانحہ سیالکوٹ سے پاکستان کی بہت بدنامی ہوئی۔ سیمینار سے بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈپٹی ڈین فیکلٹی ڈاکٹر تاج افسر نے بھی خطاب کیا اور سوالوں کی نشست میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اسلام کو پھیلانے میں تجارت کا اہم کردار رہا ہے۔ تاجروں کے حسن اخلاق، دیانت اور ڈسپلن کے باعث لوگ راغب ہوئے اور اسلام قبول کیا۔صدر چیمبر ندیم روف نے کہا کہ سیمینار کا مقصد تجارت جیسے مقدس پیشے کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور قرآن و سنت کی روشنی میں ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر ایسے سیمینار باقاعدگی کے ساتھ منعقد کرتا رہے گا تاکہ آگاہی مل سکے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ چیمبر نے "رشوت سے ا نکار، باعزت روزگار” کے سلوگن کے تحت ایک مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ جس کا مقصد کرپشن کے خاتمے کے لیے آگاہی لانا ہے۔

کاروباری برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے معاملات درست رکھیں۔اس موقع پر سوڈان کے نامزد سفیر میر بہروز جان ریگی، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان،سابق صدور،چیئرمین بلال مقبول، ایگزیکٹو ممبران، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔