ہم باصلاحیت قوم ہیں ، ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

96
ہم باصلاحیت قوم ہیں ، ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنر ل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اسکی ترقی میں حصہ ڈالیں،ہم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کیلئے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

وہ پیر کو گرین پاکستان انیشیٹو پاکستان کے تحت غذائی تحفظ پر منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سیمینار میں وفاقی وزراء، سندھ اور پنجاب کے وزراء اعلی، چاروں صوبوں کے چیف سیکٹریز، زرعی ماہرین، اعلی عسکری افسران اور ملک بھر سے کسانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ بین الاقوامی مہمان، برطانیہ، اٹلی اسپین، چین، بحرین، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکار اور سرمایہ کاروں نے بھی سیمینار میں شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں ، پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے ،ہم باصلاحیت قوم ہیں ،ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اسکی ترقی میں حصہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں ۔ مسلمانوں کیلئے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ، انشأاللہ
ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتا ہے، مسلمان کے لیے نا امیدی کفر ہے ۔