ہم سب نے مل کر ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی عوامی وفود سے بات چیت

143

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی ترقی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ، ہم سب نے مل کر ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ریاست میں ترقی کی راہ ہموار ہو گی اور سیاحت کو فروغ ملے گا ، تمام محکمے عوام کے خادم ہیں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اور دفاتر میں ان کے کام آسانی سے ہوں ، عوام کا خادم ہوں عہدے میرے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتے اصل کام مخلوق خدا کی خدمت ہے جس کے لئے کمربستہ ہوں ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہائوس میں عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو چلانے کیلئے مالی حالت کا استحکام ضروری ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے اجراء سے ریاست میں ترقی کا پہیہ جو رکا ہوا تھا پھر سے چل پڑا ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا میری حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح وبہبود ہر ریاست کے فنڈز خرچ ہونے چاہیں عوام کے ٹیکسز کا پیسہ ان کی ہی ترقی پر خرچ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ عوام کی شکایات کی داد رسی کریں لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں انہیں الجھایا نہ جائے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے ہی معاشی مسائل کا شکار ہیں دفتروں میں بھی ان کے مسائل حل نہ ہوں گے تو وہ کدھر جائیں گے ،ہر ادارہ اس حوالے سے جوابدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم میں بھی اپنے شہریوں کے سامنے جوابدہ ہوں ۔

انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں آپ حقیقی بدلاؤ دیکھیں گے،جو آپ کو ہر محکمے میں نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی زمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی ترقی کے لئے کام کرے اور اپنا فرض ادا کرے۔