ہم سب کو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا عہد کرنا ہوگا، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

115

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری سرمایہ کاری بورڈ اورصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے 78 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا عہد کرنا ہو۔بدھ کو 78 ویں یوم آزادی پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اے وطن تو سلامت رہے اور تاقیامت رہے۔

انہوں نے 78ویں یوم آزادی پر ساری قوم کو مبارکباد پیش کی ۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ہم سب کو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا عہد کرنا ہو گا، آزادی ایک عظیم نعمت،لاکھوں قربانیوں اور قائد کی انتھک محنتوں کا ثمر ہے،آج بھی نیک نیتی،ایمانداری،محنت اور لگن کے ساتھ بہت کچھ بہتر کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ارض پاک کی بنیادوں میں ہجرت کرنے والوں کا لہو ہم سب پر قرض ہے۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس یوم آزادی کو یاد گار بناتے ہوئے ہر پاکستانی میدان عمل میں اترے،آج کے دن مادر وطن پر جانیں قربان کرنے والو ں کو خراج عقیدت پیش کرنا نہ بھولیں،ہر شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے تیار رہے۔وفاقی وزیر نےقوم کو 14اگست کے یوم آزادی پر دلی مبارکباد دی۔