ہم نے مسلسل پانچویں بار بہترین اور کامیاب ترین حج پالیسی پیش کردی ہے۔ سردار محمد یوسف

50

کراچی ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اللہ کا لاکھ شکر ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے مسلسل پانچویں بار بہترین اور کامیاب ترین حج پالیسی پیش کردی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کی تاریخ میں کسی کو نہیں ملا جو اللہ پاک نے ہمیں عطا کیا ہے۔ وفاقی مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی حج پیکج میں اضافہ نہیں کیا حالانکہ اخراجات زیادہ ہوں گے کیونکہ حجاج کرام کی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے مگر باوجود اس کے ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اللہ تعالی کے مہمانوںکو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں اور انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بزرگوں کے لئے بھی کوٹہ رکھا ہے، جو 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ ہوں گے ان کے لئے 10 ہزار کا کوٹہ رکھا ہے جو کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔