مظفر آباد۔ 03 مئی (اے پی پی):سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ ہندوستان کی افواج کو پاکستان تک پہنچنے کے لیے ہمارے سینوں سے گزرنا ہوگا،پہلگام واقعہ دراصل ہندوستانی چال ہے جس کے ذریعے وہ خطے کے امن کو پامال کرنا چاہتا ہے۔ ہم نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے اس واقعہ کی پرزور مذمت کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پندرہویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاستدان،ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندگان، وکلا، سول سوسائٹی اور نوجوانوں پر مشتمل تھا۔سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور وزیر سمال انڈسٹریز تقدیس کوثر گیلانی نے وفد کو آزاد جموں و کشمیر کی تاریخ، سیاست، تعلیمی صورتحال اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیز میں آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے ڈھائی فیصد کوٹہ مختص ہے، جبکہ آزاد کشمیر کی جامعات میں پاکستان بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
سپیکر اسمبلی نے مزید بتایا کہ ڈیفنس، کرنسی اور فارن ایکسچینج پاکستان کے ذمہ ہیں۔ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ بھارت کی ہٹ دھرمی اس واقعہ کی حقیقت کو بے نقاب کر رہی ہے۔ اسپیکر نے زور دیا کہ آزادی کی قدر کریں، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا اندازہ صرف وہی کر سکتا ہے جو اسے جھیل رہا ہو۔ جس مذہب میں اپنے ہی لوگوں کے لئے فرقہ بندی ہو، وہ دوسروں کو کیا حقوق دے گا۔
اس موقع پر وزیر سمال انڈسٹریز تقدیس گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی سرزمین پر بلوچستان نیشنل اکیڈمی کے وفد کا آنا ہمارے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آزاد کشمیر میں شرح خواندگی پاکستان کے تمام صوبوں سے زیادہ ہے اور یہاں خواتین بھی ہر شعبہ زندگی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں، اور ہماری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیپاکستان نے باوجود اپنے مسائل کے، ہر مشکل گھڑی میں آزاد کشمیر کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انکا کہنا تھا آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے سب سے کم نرخ پر بجلی میسر ہے، اور اگر مودی کی سات نسلیں بھی اکٹھا ہو جائیں تو مقبوضہ کشمیر میں اس معیار پر عوام کو سہولیات فراہم نہیں کر سکتیں۔۔تقریب کے اختتام پر چیف کوآرڈینیٹر نیشنل ورکشاپ بلوچستان بریگیڈیئر بلال غفور نے سپیکر قانون ساز اسمبلی اور وزیر سمال انڈسٹریز کو سوینئرز پیش کیے۔بریگیڈیئر بلال غفور نے کہا کہ ہمارے دل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جب بھی ضرورت پڑی تو ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے گریز نہیں کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591823