اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ لاہور ایکسپو سینٹر میں ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرل شو کا آغاز کل سے ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے 860 غیر ملکی مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اپنے جاری ویڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا انعقاد وزارت تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے صرف ایک ماہ کی قلیل مدت میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے اعتماد بحال کرنے کی ایک عملی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں ،ترسیلات زر میں اضافہ، اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، مہنگائی میں کمی اور پالیسی ریٹس میں کمی جیسے عوامل عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ ہیلتھ ،انجینئرنگ اینڈ منرل شو میں یورپ، چین، افریقہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ سے آنے والے غیر ملکی مندوبین پاکستان کے منرل، انجینئرنگ، فیشن اور دیگر صنعتی شعبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وہ یہاں تجارتی مواقع کو دریافت کریں گے، مختلف شعبوں میں شراکت داری کریں گے اور کاروباری روابط کو فروغ دیں گے۔
جام کمال خان نے کہا کہ یہ غیر ملکی مندوبین محض دیکھنے نہیں آ رہے بلکہ پاکستان میں موجود حقیقی مواقع کو پرکھنے، سمجھنے اور ان سے فائدہ اٹھانے آ رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعتکار اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور صلاحیتوں کو پویلینز کے ذریعہ دنیا کے سامنے لا رہے ہیں جو پاکستان کے برآمدی امکانات کو وسعت دینے میں مددگار ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر موجود چیلنجز پاکستان کے لیے ایک بڑی موقع کی شکل اختیار کر رہے ہیں
اور اس طرح کے ایونٹس اس حقیقت کو دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ وزیر تجارت نے کہا کہ یہ صرف نمائش نہیں، بلکہ پاکستان کے مثبت امیج، معاشی امکانات اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583052