ہیلتھ کیمپس میں ٹائیفائڈ ، جلد کی بیماریوں اور نمونیا سمیت متعدد بیماریوں کا علاج جاری ہے ،وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

124

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیمپس میں ٹائیفائڈ ، جلد کی بیماریوں اور نمونیا سمیت متعدد بیماریوں کا علاج جاری ہے ،صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر عملی اقدامات کیلئے کوشاں ہیں ۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں ، سیلاب متاثرین کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں 48 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ،پنجاب کے دو اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ،سندھ کے 10 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر5 ہزار 602 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔کیمپس میں پانچ سال سے کم عمر 1281 بچوں کو طبی امداد دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں 470 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دئے گئے، ہیلتھ کیمپس میں 196 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے،پنجاب میں 787 مریضوں کو طبی امداد کو ہقینی بنا یا گیا،سندہ میں 5030 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 4389 مریضوں کو طبی امداد دی گئی۔