ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا میجر سعید اور نائیک مدثر فیاض شہید کی نماز جنازہ آبائی علاقوں ،میجر طلحہ کی راولپنڈی میں ادا کی گئی

208

راولپنڈی۔3اگست (اے پی پی):ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر سعید اور نائیک مدثر فیاض شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں جبکہ میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، کمانڈر راولپنڈی کورلیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے شہید کے والد کو قومی پرچم پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی۔

جنازے میں جنرل آفیسر کمانڈنگ سیالکوٹ گیریژن، ڈی پی او اور ڈی سی نارووال سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قومی پرچم چڑھایا گیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

شہید میجر سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈر لاجسٹکس پنوں عاقل گیریژن، حاضر سروس افسران، سپاہیوں، شہید کے لواحقین اور سول سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید کے والد کو قومی پرچم پیش کیا گیا۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔