یوئیفا ویمنزفٹ بال چیمپئن شپ ، فن لینڈ اور ناروے کا فاتحانہ آغاز

36

برن۔3جولائی (اے پی پی):فن لینڈ اور ناروے کی ویمنز فٹ بال ٹیموں نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی میچز جیت لئے۔فن لینڈ کی ویمن ٹیم نے گروپ اے کے اپنے پہلے میچ میں حریف آئس لینڈ کی ویمن فٹ بال ٹیم کو شکست دی ۔

ناروے کی ویمن ٹیم نے میزبان سوئٹزرلینڈ کو ہرا کر چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے سوئٹزرلینڈ میں جاری ہیں۔سٹاک ہارن ایرینا، تھون، سوئٹزرلینڈمیں کھیلے گئے گروپ اے کے ابتدائی میچ میں فن لینڈ اور آئس لینڈ کی ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں فن لینڈ کی ویمن ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف آئس لینڈ کی ویمن ٹیم کو0-1 گول سے ہرا دیا۔ فن لینڈ کی سارہ کتارینا کوسولا نے میچ کا واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

اس فتح کے ساتھ ہی فن لینڈ کی ویمن ٹیم نے قیمتی تین پوائنٹس حاصل کرلئے۔سینٹ جیکوب پارک، باسل، سوئٹزرلینڈ میں کھیلے گئے اسی گروپ کے دوسرے میچ میں ناروے اور میزبان سوئٹزرلینڈ کی ویمن فٹ بال ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ میچ میں ناروے کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد میزبان سوئٹزرلینڈ کی ویمن ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔ ناروے کی جانب سے اڈا ہیگربرگ اورجولیا سٹیئرلی نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میزبان سوئٹزرلینڈ کی جانب سے واحد گول نادین ریسن نے سکور کیا۔