یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ بیڈ منٹن اسپورٹس لیگ کے ٹرائلزپیرسے شروع ہونگے

94
بیڈ منٹن

کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ بیڈ منٹن اسپورٹس لیگ کے ٹرائلز( کل)پیر سے شروع ہونگے۔پرائم منسٹر پروگرام یوتھ اسپورٹس کے تحت ایچ ای سی،

آئی بی اے سکھراور اقرا یونیورسٹی کے زیر انتظام یوتھ اسپورٹس لیگ کے سلسلے میں سندھ کی بوائز اور گرلز بیڈ منٹن ٹیموں کی تشکیل کیلئے دوروزہ ٹرائلزکراچی میں شروع ہو رہے ہیں۔این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں شیڈول کئے گئے مینز اور ویمنزکے ٹرائلز کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر اقرا یونیورسٹی ڈاکٹر سید وسیم قاضی مہمان خصوصی ہونگے جبکہ اس موقع پر ڈائرکٹر اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز آئی بی اے سکھرڈاکٹرشاہ زمان خان اور دیگر بھی شرکت کریں گے۔آرگنائزنگ سیکرٹری (مینز ایونٹ)اسد حسین شیخ نے بتایا کہ پیر کو شیڈول ان ٹرائلز میں کراچی ریجن سے تعلق رکھنے والے بوائز اور گرلز کھلاڑی شرکت کر سکتے ہیں، ٹرائلز منگل کو بھی جاری رہیں گے۔

کراچی کے بعد حیدرآباد،شہید بے نظیر آباد،سکھر اور لاڑکانہ ریجن میں بھی ٹرائلز لئے جائیں گے۔پانچوں ریجن میں ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور ان کے درمیان لیگ کی بنیاد پر میچز منعقد کئے جائیں گے جس کے بعد فاتح ٹیم نیشنل بیڈ منٹن لیگ میں شرکت کرے گی۔اقرا یونیورسٹی کے ڈائرکٹر اسپورٹس شیراز الحسن موہانی کو ویمنزایونٹ کاآرگنائزنگ سیکریٹری بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے سلسلے میں بیڈ منٹن لیگ سے ان کھلاڑیوں کو بھر پور مواقع ملیں گے جو با صلاحیت ہونے کے باوجود کسی نیشنل ایونٹ میں شرکت سے محروم رہتے ہیں،یقینی طور پر اس پروگرام سے سندھ کے دور دراز علاقوں کے کھلاڑی بھی فائدہ ااٹھائیں گے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔