یورپی یونین سمندر میں ڈوبنے سے بچائے گئے تارکین وطن کو واپس نہ بھیجے، پوپ فرانسس

94
پوپ فرانسس
پوپ فرانسس

روم۔25اکتوبر (اے پی پی):کیتھولک چرچ کے سربراہ اور عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ یورپ آمد کے سلسلے میں سمندر میں ڈوبنے سے بچائے گئے تارکین وطن کو واپس لیبیا اور تشدد کے شکاردیگر ممالک میں واپس نہ بھیجے۔

جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ویٹی کن میں سینٹ پیٹرز سکوائر میں اپنے خطاب میں ممالک پر زور دیا کہ وہ مہاجرین کو محفوظ بندرگاہوں پر امدادی جہازوں سے اترنے کی اجازت دیں اور تارکین وطن کو پناہ تک رسائی کی ضمانت دیں۔انہوں نے کہا کہ لیبیا میں تارکین وطن، پناہ گزینوں اور تحفظ کےمنتظر دیگر ہزاروں افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی دعائیں آپ سب کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ لیبیا اور پورے بحیرہ روم میں مہاجرین کے بہائو سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں سمندر میں بچائے گئے مہاجرین کو واپس لیبیا اور تشدد کے شکاردیگر ممالک میں واپس نہ بھیجیں ۔

پوپ فرانسس کا یہ بیان ہفتے کے آخر میں جرمن امدادی جہاز سی واچ تھری میں سوار 400 سے زائد تارکین وطن کو بحفاظت ساحل پر لانے اور اٹلی کی جانب سے اسے بند کرنے کی اجازت دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ تارکین وطن کو بحیرہ روم میں لیبیا کے ساحل سے بچایا گیا تھا۔