یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مالی سال کے پہلے 11ماہ میں سالانہ بنیادوں پر28فیصد اضافہ

43
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں سالانہ بنیادوں پر28فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2024سے مئی 2025کے اختتام تک یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 4.101ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین سے ترسیلات زرکاحجم 3.201ارب ڈالرریکارڈکیاگیا،مئی 2024میں یورپی یونین کے ممالک سے 422ملین ڈالرترسیلات زرکی مدمیں موصول ہوئے جواپریل کے مقابلہ میں دوفیصداورگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 24فیصدزیادہ ہے،اپریل میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 412ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 340ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا،

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 34.89ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 27.09ارب ڈالرکے مقابلہ میں 29فیصدزیادہ ہے۔