بیجنگ۔25فروری (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے روس کے خلاف پابندیوں کے 16ویں پیکج میں متعدد چینی کمپنیوں اور شہریوں کو شامل کرنے کے فیصلے سے دو طرفہ تجارتی تعلقات پر منفی اثر پڑے گا۔ یہ بات چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے منگل کو کہی۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا یہ اقدام دونوں اطراف کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کے برعکس ہے ۔ انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ چینی کمپنیوں اور شہریوں کی فہرست بندی بند کرے اور چین پر الزام تراشی بند کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جن کی بین الاقوامی قانون میں کوئی بنیاد نہیں ہے اور یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے مجاز نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ یوکرین بحران کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد قابل عمل راستے ہیں اور چین ہمیشہ امن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566033