یورپ میں شدید گرمی کی لہر، فرانس میں ریڈ الرٹ، ایفل ٹاور کا بالائی حصہ بند

28
Severe heat wave in Europe
Severe heat wave in Europe

پیرس ۔2جولائی (اے پی پی):یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ فرانس میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے جس کے باعث پیرس میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایفل ٹاور کے بلندترین حصے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ پیرس میں آلودگی پھیلانے والی ٹریفک اور تیز رفتاری پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

فرانس سمیت یورپ کے کئی ممالک جن میں اٹلی، یونان، بلقان اور جزیرہ نما آئبیرین شامل ہیں، گزشتہ کئی دنوں سے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث صحت سے متعلق ایمرجنسی الرٹس اور جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات پر وارننگز جاری کی جا چکی ہیں۔فرانسیسی موسمیاتی ادارے ’میٹیو فرانس‘ کے مطابق ملک بھر کے 16 علاقے شدید گرمی کی زد میں ہیں جبکہ 68 علاقوں بلند ترین ٹمپریچر سے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

منگل کو درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ رات کا درجہ حرارت بھی معمول سے کہیں زیادہ یعنی 20 تا 24 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ایفل ٹاور کے آپریٹرز نے گرمی کی حالیہ لہر کے پیشِ نظر اس کے بلند ترین حصے کو منگل اور بدھ کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم پہلی اور دوسری منزل تک عوام کی رسائی برقرار ہے۔ اس دوران شہریوں کو دھوپ سے بچاؤ اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تلقین کی گئی ہے۔