21 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومضلعی خبریںیومِ آزادی صحافت کی تقریب ، پولیس اور پریس کلب کے درمیان...

یومِ آزادی صحافت کی تقریب ، پولیس اور پریس کلب کے درمیان مفاہمتی چارٹر پر دستخط

- Advertisement -

سرگودھا -04 مئی (اے پی پی):عالمی یومِ آزادی صحافت کے حوالے سے سرگودھا پریس کلب میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سرگودھا پولیس کے اعلیٰ افسران، پریس کلب کے عہدیداران اور صحافیوں کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔

تقریب میں پولیس اور میڈیا کے درمیان باہمی تعاون ، ذمہ دارانہ صحافت اور باعزت رویوں کے فروغ کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی چارٹر پر دستخط کیے گئے، جسے ملک بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی دستاویز قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب کے آغاز میں پریس کلب کی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، ایس پی ہیڈ کوارٹر ضیا اللہ، ڈی ایس پی لیگل جاوید جسرا سمیت دیگر افسران شامل تھے۔معاہدے پر صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان، سینیئر نائب صدر اسجد منیر چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدصہیب اشرف نے دستخط کیے۔

- Advertisement -

معاہدے کےمطابق بغیر ٹھوس شواہد کے کسی پولیس افسر یا شہری کے خلاف خبر شائع یا سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کی جائے گی۔اس چارٹر میں ایسے عناصر سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا گیا جو توہین آمیز زبان، بلیک میلنگ یا زرد صحافت کے ذریعے اداروں کو بدنام کرتے ہیں۔ تقریب میں اس بات کا اعلان بھی کیا گیا کہ ایک بااختیارپولیس،میڈیا کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دونوں اداروں کے درمیان شکایات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی۔

معاہدے میں اس امر کو بھی واضح کیا گیا کہ پولیس کسی بھی صحافی کو بلاوجہ ہراساں نہیں کرے گی اور نہ ہی اس کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد مقدمات قائم کیے جائیں گے۔ اگر کوئی پولیس اہلکار ایسا کرے گا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی اور مقدمہ کے اندراج کا فیصلہ بھی ممکن ہوگا جبکہ کسی بھی صحافی کے خلاف بغیر کمیٹی کی منظوری کوئی مقدمہ درج نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کی گرفتاری عمل میں آج ئے گی۔

پریس کلب اور پولیس نے مشترکہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ صحافت کی آڑ میں چھپے بلیک میلرز، اتائی اور غیر تربیت یافتہ عناصر سے مکمل لاتعلقی اختیار کی جائے گی جبکہ پیشہ ور صحافیوں کی عزت و توقیر میں اضافہ کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر امت مسلمہ، پاکستان، آزادی صحافت، پولیس و پاک فوج کے شہدائ اور ملک کی سلامتی و بقا کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس نے اس قومی موقع کو روحانی تقدس بخشا۔عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر صحافی برادری نے اس اقدام کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جو صحافت، پولیس اور سماج کے درمیان ہم آہنگی کی نئی راہیں کھولے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592141

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں