کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ یومِ تشکر دراصل ہمارے اس اتحاد اور قربانی کی علامت ہے جس نے پاکستان کو ایک بار پھر ثابت قدم اور مضبوط قوم کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ آپریشن ”بنیان مرصوص” میں افواجِ پاکستان نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔
قوم افواجِ پاکستان کی ان لازوال قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پوری قوم اور دفاعی اداروں نے یکجہتی اورعزم کے ساتھ دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔
آج کا دن اس امر کی گواہی دیتا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں مکمل خودکفیل ہے بلکہ امن کا خواہاں بھی ہے۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام افواجِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597972