پشاور۔ 08 اگست (اے پی پی):77 ویں یوم آزادی 14 اگست قریب آتے ہی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق 14اگست کو بھرپور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلے پشاور میں سڑکوں ،گلیوں کے کناروں اور دکانوں کے باہر سبز وسفید رنگوں پر مشتمل قومی پرچم اور جھنڈیوں سمیت مختلف چیزوں کے سٹالز سجا دیئے گئے۔ پشاور شہر رنگ برنگی جھنڈیوں سے سج گیا ہے،
اس دوران بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین خریداری میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ خواتین کی جانب سے زیادہ رش دکھائی دیتا ہے ، جو بچوں کے لئے قومی پرچم سے مزین سوٹس اور بیجز ، ٹوپیاں اور پرس خرید رہی ہوتی ہیں۔شہر بھر کے مختلف بازاروں میں جن میں خیبر بازار بھی شامل ہے ، میں درجنوں سٹالز لگ گئے ہیں، شہر کا تاریخی بازار قصہ خوانی سبز ہلالی جھنڈیوں سے سج گیا ہے جبکہ گھروں اور گلی محلوں کو سبز پرچموں سے سجانے کے لئے بچے ، بڑے خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں ادھر دوسری چیزوں کے تاجروں نے بھی وقتی طور یوم آزادی سے متعلقہ سجاوٹی چیزوں کا کاروبار شروع کردیا ہے ۔
قومی پرچم کے بنے بچوں ، بچیوں کے لباس بھی مارکیٹ میں آ گئے ہیں تاجروں نے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے سٹالوں پرقومی پرچموں کے رنگوں سے مزین کھلونے ،شرٹ ، بیج ، سٹریکر ااور مختلف اشیاءسجا رکھی ہے اور گاہگوں کو متوجہ کرنے کے لئے ملی ترانے بجا رہے ہیں ۔ تاجروں کے مطابق گزشتہ برس کی نسبت ا س سال ان اشیا ءکی خریداری کا رحجان کم ہے البتہ 14اگست قریب آتے آتے اس میں اضافہ متوقع ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار بھرپور طریقہ سے جشن ازادی منائیں گے اور ملک سے محبت کا اظہار کرینگے۔یاد رہے کہ 14 اگست قریب آتے ہی پشاورکے بازار سج گئے، بچوں، بڑوںاور خواتین سمیت عمر رسیدہ افراد نے بھی ان بازاروں کا رخکر لیا،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں بازار سجائے جاتے ہیں، بیج، جھنڈے اور فیس ماسک سمیت بڑے بڑے جھنڈوں سے دکانیں بھر دی جاتی ہیں۔