یوم تکبیر اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے، وزیراعظم

یوم تکبیر اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کوبلوچستان، چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی جاری ہے ، یہ پاکستان کا اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے،

آج کا دن پاکستان کے اتحاد، یک جہتی اور ایک ہونے کا دن ہے، یہی اتحاد پاکستان کی اصل قوت ہے ، اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان کے جوہری دھماکوں کی سلور جوبلی پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 28 مئی 1998 کوبلوچستان، چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر گونج آج بھی جاری ہے ۔ دفاع پاکستان کا یہ تمغہ بلوچستان کی دھرتی کے سینے پر سجا ہے ۔

یہ پاکستان کا اپنی آزادی، خودمختاری اور دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے کے واضح اظہار کا تاریخی دن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ پاکستان کا سرفخر سے بلندکرنے والے عظیم محب وطن وزیراعظم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ قائد محمد نوازشریف نے ہر لالچ ، ہر دباو مسترد کرکے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا ۔

ذوالفقار علی بھٹو سے وزیراعظم نوازشریف تک تمام حکومتوں اور جوہری پروگرام سے متعلق تمام ذمہ دار وں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور جوہری پروگرام کو پروان چڑھانے والا ہر فرد لائق تحسین ہے، یہ قوم کے ہیروز ہیں ۔ ہماری مسلح افواج نے جوہری پروگرام کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہے ۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس قومی ادارے نے قومی سلامتی ودفاع کے لئے ناقابل فراموش کردارادا کیا ہے ۔ آج ہم محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی تمام عمر پاکستان کے دفاع پر وار دی ۔ ہم اپنے اِن تمام محسنوں کو نہیں بھول سکتے جنہوں نے قوم کے مفاد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔ ہم سعودی عرب سمیت اپنے برادر اور عظیم دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے معاشی پابندیوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔ آج کا دن پاکستان کے اتحاد، یک جہتی اور ایک ہونے کا دن ہے، یہی اتحاد پاکستان کی اصل قوت ہے ۔

قوم کے اتحاد، محنت اور یقین کامل سے اب پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے ۔ ہمیں بحیثیت قوم آج معاشی خودمختاری اور خودانحصاری کے لئے یوم تکبیر والے جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ آج یوم تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی مفادات کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ یوم تکبیر پر دس روزہ تقریبات کو قوم کے اتحاد اور پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوش حالی کے عزم کے ساتھ منایا جائے