یوم عاشور کی مناسبت سے راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا، امام بارگاہ قدیم میں اختتام پذیر ہو گا

61
main procession in Rawalpin

راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):یوم عاشور کی مناسبت سے راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے رات گئے امام بارگاہ قدیم میں اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے دوران عزاداروں کی بڑی تعداد نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ جلوس کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے سیف سٹی اتھارٹی راولپنڈی کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کمشنر راولپنڈی اور آر پی او راولپنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشی موسم کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں عاشورہ کے جلوس پر امن ماحول میں اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عزاداروں کے لیے مختلف مقامات پر سبیلوں اور دیگر سہولیات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ شرکائے جلوس کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ جلوس کی نگرانی کے لیے پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت پر مامور ہیں۔