اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام شاہراہ دستور پر واک کا اہتمام کیاگیا۔واک میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی، نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد اورنگران وزیر ثقافت سمیت ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
واک کے شرکا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔واک کے شرکا نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی غیرقانونی قبضے کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں ۔
شرکا کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔شرکائے ریلی کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔