یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کور کمیٹی نے زبیر طفیل کو صدر ،ظفر بختاوری کو سیکرٹری جنرل اور مرزا اختیار بیگ کو سیکٹری اطلاعات منتخب کر لیا

207

لاہور۔17مئی (اے پی پی):یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی اعلی سطحی کور کمیٹی نے تاجر رہنمائوں کراچی سے زبیر طفیل اور اسلام آباد سے ظفر بختاوری کو متفقہ طور پر بالترتیب صدر اور سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق افتخار علی ملک اور ایس ایم منیر کی مشترکہ صدارت میں گذشتہ رات ہونے والےکور کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے نومنتخب سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے میڈیا کو بتایا کہ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل، سابق نائب صدر ظفر بختاوری اور ان (ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ) کے نام تجویز کئے گئے اور کور کمیٹی کے تمام ممبران نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی نے بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے بے لوث، بے مثال اور قابل ذکر خدمات انجام دینے پر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی عہدوں سے رضاکارانہ دستبرداری کو نامنظور کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ تاجروں کے وسیع تر مفاد میں وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں۔

ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے مزید کہا کہ یو بی جی کی نئی قیادت تمام اہم فیصلوں پر ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کو اعتماد میں لے گی۔ زبیر طفیل اور ظفر بختاوری نے ان کا انتخاب کرنے پر کور کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا حل اور مشکلات کا ازالہ ان کی اولین ترجیح ہو گا۔ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نے بھی اپنی طویل خدمات کا اعتراف کرنے پر کور کمیٹی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے ان کی سرپرستی اور رہنمائی کرتے رہیں گے۔

کور کمیٹی نے فیڈریشن کے آئندہ انتخابات کے تناظر میں تمام چیمبرزاور تجارتی اداروں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سخت محنت اور ملک گیر دورے شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے نمایاں تاجر رہنماﺅں میں خالد تواب، میاں محمد ادریس، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، شیخ ریاض الدین ، شیخ تنویر احمد عبدالرؤف عالم زاہد اقبال ، عزیز چن، سہیل ملک، منظور ملک، حمید اختر چڈھا، رحمت اللہ جاوید، عامر عطا باجوہ، بلال منیر ارشد، چوہدری امجد، غضنفر بلور اور ثمینہ فاضل،اخلاق بٹ ،خواجہ ضرار کلیم ممتاز علی شیخ اور نور احمد خان شامل تھے۔